حکومت سے مسیحی قوم کے خلاف ہونے والی سازش کے نوٹس لینے کا مطالبہ

مرکزی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی سندھ کے جنرل سیکریٹری عبدالرئوف بٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ مسیحی قوم کے خلاف ہونے والی سازش کا نوٹس لیں اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین کو فوری طور پر عہدے سے فارغ کریں کیونکہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ کراچی میں چرچ املاک کے خلاف سازش میں سندھ حکومت کے چند ذمہ داروں کے نام آرہے ہیں جو قابل افسوس ہے ۔

ہم مسیحی قوم کے اس مطالبے کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں کہ بشپ کراچی کے انتخابات میں حکومت کو اثر انداز نہیں ہونا چاہیے بلکہ حکومت کو مسیحی اقلیتی برادری اور اس کی املاک کو تحفظ فراہم کرنا چاہیے ۔

ہم ایڈوکیت جنرل سندھ کی جانب سے عدالت عالیہ سندھ کو گمراہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ مسیحی قوم میں پھیلی بے چینی کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پادری شفیق کنول کو لینڈ مافیاء کے خلاف آواز اٹھانے پر سلمان طالب الدین اور اقبال خرم ایڈوکیٹ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا حکومت سندھ فوری نوٹس لے اور چرچ املاک کے خلاف سازش پر ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔