لاہور کے سینٹ تھامس سینٹر میں آتشزدگی، 3 خواتین جاں بحق

لاہور: رائیونڈ روڈ پر سینٹ تھامس سینٹر میں آگ لگنے سے 3 خواتین دم گھٹ کر جاں بحق ہو گئیں۔ آتشزدگی کا افسوس ناک واقعہ رائیونڈ روڈ پر سفاری پارک کے نزدیک سینٹ تھامس سینٹر کی بالائی منزل پر پیش آیا جہاں مذہبی تعلیم حاصل کرنے والی 24 خواتین رہائش پذیر تھیں۔

آگ پرانے فرنیچر کے اسٹور میں لگی جس سے عمارت میں دھواں بھرگیا، دم توڑ نے والی 22 سالہ نیلم، 25 سالہ ونیزہ اور 42 سالہ روبیکا ایک ہی کمرے میں مقیم تھیں، دھواں پھیلا تو تینوں گھبرا کر باتھ روم میں گھس گئیں جہاں دم گھٹنے سے تینوں بے ہوش ہو گئیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے انہیں اسپتال منتقل کیا جہاں تینوں دم توڑ گئیں۔

سینٹر انتظامیہ کے مطابق روبیکا قصور کے گاؤں تارا گڑھ، ونیزہ اوکاڑہ اور نیلم ساہیوال کی رہائشی تھی جب کہ تینوں کچھ دن پہلے یہاں آئی تھیں، ہلاک ہونے والی تینوں خواتین کے ورثاء کو اطلاع کر دی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی اور آگ بجھانے کی کوشش میں ایک ریسکیو اہلکار سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔