بشپ آف کراچی کے الیکشن میں لینڈ مافیاء کے اثر و رسوخ کو روکا جائے

چرچ آف پاکستان ڈائسس آف کراچی کے سینئر مسیحی رہنمائوں پادری شفیق کنول، پروفیسر عنایت ڈین، پادری نسیم کلیم، پادری انور رحمت ، سول سوسائٹی کی نمائندہ شیماکرمانی نے محترم بلاول بھٹو اور سندھ کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ بشپ آف کراچی کے الیکشن میں لینڈ مافیاء کے بڑھتے ہوئے اثر و نفاذ کو روکنے میں مسیحی کمینوٹی کی مدد فرمائیں ۔

رہنمائوں نے کہا کہ لینڈ مافیاء کی نظریں چرچ آف پاکستان کی کھربوں روپے کی املاک پر ہیں جنہیں وہ ساز باز کرکے الیکشن میں اپنی مرضی کا بشپ منتخب کراکر انہیں بیچ دینا چاہتی ہے ۔ ہم نے اس سلسلہ میں کئی پریس کانفرسیں بھی کیں اور حکومتی اعلیٰ شخصیات کو خطوط بھی لکھے ہیں۔ مگر ہمیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا، ہماری مسیحی کمیونٹی میں ایک بڑا ووٹ بینک پیپلز پارٹی کا ہے جن کی اُمیدیں پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں ۔

مسیحی کمیونٹی محترم بلاول بھٹو زرداری صاحب سے پر زور اپیل کرتی ہے کہ وہ ان معاملات کا جائزہ لے کر مسیحی کمیونٹی میں پھیلی بے چینی کو دور کریں اور مسیحی کمیونٹی کو آزادانہ طور پر صاف ، شفاف طریقے سے بشپ آف کراچی کے الیکشن کو یقینی بنائیں۔ شرکاء نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین کی فوری برطرفی کا بھی مطالبہ کیا جو عدالت کو مس گائیڈ کررہے ہیں۔