مسیحی رہنماؤں کے وفد کی لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات

مسیحی برادری کے رہنماؤں کے وفد نے پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت بانی اور چیئرمین آر سی ڈی ایم (رابنسن کمیونٹی ڈویلپمنٹ منسٹری برطانیہ اور پاکستان) ریورینڈ ڈاکٹر رابنسن اصغر نے کی۔ دونوں فریقوں نے پاکستان کی بہتری اور پاکستانی اقلیتوں کی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے انہیں آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان آئین پاکستان کے مطابق ملک کی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنے کردار سے واقف ہے۔

انہوں نے پاکستان کی تشکیل میں اقلیتوں کے تعاون اور اس کی کاوشوں اور اس کی تعمیر و ترقی میں اس کے کردار کو سراہا۔ ہائی کمشنر نے خاص طور پر پاکستان کی مسیحی برادری کی صحت، تعلیم، دفاع اور سیاست کے شعبوں میں قابل قدر شراکت کے لئے ان کی تعریف کی۔ ریورینڈ ڈاکٹر روبنسن اصغر نے پاکستان میں چیرٹی آر سی ڈی ایم کے چیرٹی سے متعلق کام سے ہائی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ہائی کمشنر نے آر سی ڈی ایم کے ذریعہ کئے جانے والے عمدہ کام کی تعریف کی۔ وفد کے دیگر ممبران میں مسٹر نعیم واعظ، پاسٹر ڈاکٹر تحسین گل خان، مسز شکینہ خان، ڈاکٹر اعجاز گوہر اور ڈاکٹر ریحان جاوید شامل تھے۔ دونوں فریقوں نے مستقبل میں قریبی رابطہ رکھنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔