صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم کا دورہ ساہیوال

صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مسیحی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے وظائف کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملازمتوں میں مختص کوٹے پر مکمل عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا ہے۔ مسیحی طلبہ وطالبات ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ تعلیم یافتہ مسیحی نوجوانوں کی عدم دستیابی کے سبب مختص کوٹہ کی سیٹیں خالی رہ جاتی ہیں جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے یہ بات اے آر پی پاکستان کے زیر اہتمام ساہیوال میں ہونے والے 85ویں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ضلع بھر سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی کا فروغ اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے میں تمام طبقات اپنا اہم کردار ادا کریں اور غیر ذمہ دارانہ عناصر کی سرکوبی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ صوبائی وزیر نے مسیحی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھیں کیونکہ فی زمانہ تعلیم کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔

اقلیتی کوٹے پر ملازمتوں کا پر نہ ہونا پورے مسیحی برادری کے لئے ایک چیلنج ہے جس پر پورا اترنے کے لئے والدین بھی اپنے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اقلیتی ارکان اسمبلی کو ریکارڈ ترقیاتی فنڈز جاری کئے ہیں تاکہ مسیحی آبادیوں میں بھی بنیادی شہری سہولیات دستیاب ہو سکیں۔