,

مسیحی رکنِ قومی اسمبلی آسیہ ناصر کی جانب سے کنری کرسچن ہسپتال کیلئے 10لاکھ روپے عطیہ

رکنِ قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے کنری کرسچن ہسپتال کیلئے 10لاکھ روپے عطیے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان گزشتہ ماہ کنری کرسچن ہسپتال میں کرسمس کیک کٹنگ کی تقریب میں کیا۔ حاضرین سے دورانِ خطاب آسیہ ناصر نے کہا کہ چند عناصر نے ملک میں امن و امان کو داغدار کیا ہے، معاشرے میں نفرت اور ہنگامہ آرائی پھیلانے کیلئے مذہب کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔
رکنِ قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مجموعی طور پر صورتحال تسلی بخش نہیں ہے،شہری امن و امان اور ہم آہنگی کی خراب صورتحال سے خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتے۔ میڈیا سے دورانِ گفتگو انکا مزید کہنا تھا کہ صحرائے تھر میں خشک خالی سے اموات واقع ہورہی ہیں،معصوم بچے بھوک اور پیاس کی وجہ سے مررہے ہیں اور سندھ حکومت اس معاملے میں بالکل بھی دلچسپی ظاہر نہیں کررہی۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ پاکستان بنانے کی تحریک میں ہندؤں اور مسیحیوں نے بھی اپنا خصوصی کردار ادا کیا،اقلیتوں نے بھی پاکستان کے حصول کیلئے قربانیاں دیں ہیں۔ پاکستانی مسیحی اور ہندو بھی محب وطن ہیں۔ اسی موقع پر رکنِ قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے کنری کرسچین ہسپتال کیلئے 10لاکھ روپے عطیے کا اعلان کیا،اس موقع پر انکے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نوال طالپور بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس مل کر جشن منانے کا موقع ہے،مزید انکا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی اقلیت نہیں ہے ہم سب پاکستانی ہیں۔