,

حکومت ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کے کوٹہ پرعملدرآمد یقینی بنائے

حکومت ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کے کوٹہ پرعملدرآمد یقینی بنائے
ملک میں مذہبی اقلیتوں کیلئے مختص 5 فیصد کوٹہ  پر ملازمتوں کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا ہے،مسیحی رہنما چوہدری مشتاق گل نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ اقلیتوں کیلئے مختص سیٹوں سے اقلیتی برادریاں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
چوہدری مشتاق گل جو کہ حکومتِ پنجاب کے اقلیتی مشاورتی کونسل کے رکن ہیں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی اقلیتوں کیلئے پاکستان میں مختص 5 فیصد کوٹے پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔
اپنے بیان میں چوہدری مشتاق کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جلالی نے حکومت کو یہ ہدایات جاری کیں تھیں کہ اقلیتوں کیلئے مختص کوٹے کو نافذ کیا جانا چاہیئے اور پاکستانی غیرمسلموں کو 5فیصد مختص کوٹہ کے تحت ملازمتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ غیرمسلم پاکستانیوں کو تعلیمی اداروں میں بھی اس مختص کوٹے کے نظام کے تحت جگہ دی جائے،لیکن بدقسمتی سے حکم کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔

چوہدری مشتاق گل نے مطالبہ کیا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب فوری طور پر سرگودھا یونیورسٹی کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کریں کہ وہ غیر مسلم طلباء و طالبات کیلئے مختص 5فیصد کوٹہ پر ان طلباء و طالبات کو داخلہ دیں۔