پاپائے اعظم فرانسس پولینڈ کے تاریخی شہر کراکوف میں منعقدہ ورلڈ یوتھ ڈے کی تقریب میں شرکت کیلئے پولینڈ پہنچ گئے ہیں جہاں ان پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاپائے اعظم یہاں موجود لاکھوں نوجوانوں کے مجمع سے خطاب کریں گے جسے براہ راست نشر بھی کیا جائے گا،جسے کروڑوں افراد دنیا بھر میں دیکھیں اور سنیں گے۔
اپنے خطاب میں پوپ فرانسس یورپی ممالک میں پناہ کے متلاشی افراد سے رحمدلی سے پیش آنے اور حسن سلوک کرنے پر بات کریں گے،پوپ سینیئر حکومتی اہلکاروں سے اپنی ملاقاتوں میں پناہ گزینوں کے حقوق کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب پاپائے اعظم مشرقِ وسطیٰ ،شمالی افریقہ اور ایشیاء سے سیاسی پناہ کی غرض سے یورپی براعظم پہنچنے والے تارکینِ وطن کیساتھ بہتر برتاؤ اور انکے لیے پناہ کی فراہمی کیلئے آواز اٹھارہے ہیں۔ اس سے قبل پوپ صاحب نے متعدد مقامات اور اہم فورمز پر مہاجرین کے حق میں بات کرچکے ہیں۔
مبصرین کے مطابق پاپائے اعظم کو پولش وزیرِاعظم بیآٹاشڈوو کیساتھ مہاجرین کو پناہ دینے سے متعلق معاملہ اٹھانے میں دشواری پیش آئے گی۔ وارسا حکومت سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر تارکینِ وطن کو پناہ فراہم کرنے سے معذرت کرچکی ہے،پولینڈمیں پاپائے اعظم کے اس دورے اور بینِ الاقوامی مسیحی یوتھ فیسٹیول کے سلسلے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں،کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے قریب چالیس ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں۔