ٹیکساس کے چرچ میں فائرنگ, 27 افراد ہلاک

امریکا میں ریاست ٹیکساس کے ایک چرچ میں فائرنگ سے27 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ولسن کاؤنٹی میں سدرلینڈ سپرنگز کے فرسٹ بیپٹسٹ چرچ میں فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہاں اتوار کے روز عبادت اداکی جا رہی تھی۔اس دوران ایک نامعلوم مسلح شخص نے چرچ کے اندر آکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر عورتوں اور بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی و ہلاک ہوئے۔
گورنر گریگ ایبٹ نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکساس کی تاریخ کی بدترین فائرنگ کا واقعہ ہے۔چرچ پر غیرمعمولی حفاظتی اقدام کئے گئے تھے جس کے باوجود بھی یہ واقعہ رونما ہوا ہے۔سان اینٹونیو ایف بی آئی برانچ کا کہنا ہے کہ ان کے اہلکار تعینات تھے تاہم مسلح شخص کی جانب سے اس قسم کے حملے کا کوئی اشارہ نہیں ملا تھا۔مقامی پولیس کے مطابق مسلح حملہ آور جو کہ مارا جا چکا ہے نے مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے چرچ میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی تھی۔پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے کئی ہیلی کاپٹر پہنچ چکے ہیں۔زخمیوں کو کاونٹی میموریل اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں کئی ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشہ کا اظہار کیا ہے تاہم انہوں نے ہلاک و زخمیوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا ہے۔ادھر جاپان میں موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنےٹویٹر پیغام میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔