مسیحی ملازمین کو20دسمبر تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے:وزیرِاعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مسیحی سرکاری ملازمین کو 20دسمبر تک تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے اور کرسمس کے موقع پر مسیحی برادی کیلئے تفریحی مقامات اورپارکوں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کردی گئیں، جبکہ فن دنیا میں مسیحی افراد کو ٹکٹوں پر پچاس فیصدرعایت آن لائن کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کرسمس انتظامات کے حوالے سے کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادی کیلئے تفریحی مقامات اورپارکوں میں بہترین انتظامات ہونگے جہاں سیکورٹی کے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں کے ارد گرد سیوریج سسٹم کی درستگی،سڑکوں کا پیچ ورک،پارکنگ کے مناسب اقدامات ودیگر ضروری امور کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر اقبال سٹیڈیم کے قریب فن لینڈ،سند باداورماڈل بازار جھنگ روڈ پر فن دنیا میں مسیحی افراد کو ٹکٹوں پر پچاس فیصدرعایت دی جائے گی جبکہ تقریبات کو احسن طریقے سے منانے کے لئے مسیحی سرکاری ملازمین کو 20دسمبر تک تنخواہوں کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں مسیحی شہریوں کی دلچسپی کے لئے میوزیکل پروگرام منعقد کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسیحی رہنماؤں کی طرف سے سامنے آنے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور سابقہ تجربات کی روشنی میں کرسمس کے موقع پر بہترین انتظامات ہونگے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران سے کہاکہ وہ گرجا گھروں کی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور مطلوبہ ٹاسک مکمل کرکے انہیں آگاہ کیا جائے۔سی پی او نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ضلعی پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور پولیس اپنی ذمہ داریاں کما حقہ پوری کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایس پی لیول پر میٹنگ کرکے دیگر ضروری اقدامات بھی مکمل کئے جائیں گے۔مسیحی رہنمائوں نے کرسمس کی تقریبات کے لئے بھرپور انتظامی وحفاظتی اقدامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور سی پی او اطہر اسماعیل کا شکریہ ادا کیا۔