سینیٹ الیکشن کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے2مسیحی امیدوار

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ کے انتخابات کے لئے ابتدائی طورپر جاری ہونے والی فہرست میں سندھ سے واحد اقلیتی نشت کے لئے دو مسیحی امیدواروں کے نام سامنے آئے ہیں۔پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اقلیتی ونگ کے سابق صدر انور لعل ڈین اور سابق معاون خصوصی انتھونی نوید پارٹی ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

انور لعل ڈین سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کی کابینہ میں بطورمعاون خصوصی شامل رہے ہیں جبکہ انتھونی نویدوزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی کابینہ میں بطور معاون خصوصی شامل رہے ہیں۔پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرئے گی۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے عام نشت پر ننگر پارکر کی ایک نچلی ذات کی نوجوان خاتون سیاسی و سماجی ورکر کرشنا کماری کو ٹکٹ دینے کا عندیہ دیا ہے۔پارٹی کے اس فیصلہ پر تھرپارکر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس فیصلہ پر دلت بھیل برادری نے پارٹی فیصلہ کو سراہا ہے۔انسانی و خواتین کے حقوق کے لئے سرگرم عمل کرشنا کماری تحریک آزادی کے ممتاز رہ نما روپلو کولہی کی پڑپوتی ہیں۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اس سے قبل بھی ہندوؤں کو ایوان بالا یعنی سینیٹ میں رکینت دیتی رہی ہے۔اس سے قبل رتناکمارچاؤلہ،ہری رام کشوری لعل،کھٹومل جیون اور گیان چند پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر نمائندگی کرچکے ہیں۔