بغداد میں مسیحی ڈاکٹر کو خاندان سمیت قتل کر دیا گیا

بغداد: ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ہشام، ان کی اہلیہ اور بوڑھی والدہ کو انتہائی بے دردی سے چاقوؤں کے وار سے قتل کیا گیا۔ مسیحی برادری کی جانب سے اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران بغداد کی مسیحی کیمونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد پر یہ تیسرا حملہ ہے، حملے سے متاثرہ دونوں خاندان ہمسایہ تھے۔ عراق کی وزارتِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر ہشام اور ان کے اہلخانہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈاکٹر ہشام شفیق المسکونی، ان کی اہلیہ شیزہ ملک اور والدہ خیریہ داؤد اپنے گھر میں موجود تھے جب انھیں اسلحہ بردار افراد نے چاقوؤں کے وار سے قتل کر دیا۔ مقتول ڈاکٹر ہشام کے ہسپتال میں کام کرنے والے ان کے ساتھی نے کہا کہ مجھے کچھ عرصہ قبل انہوں نے بتایا تھا کہ انھیں اپنے علاقہ مکینوں کی جانب سے سخت ذہنی پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ وہ ان کا گھر ہتھیانا چاہتے تھے۔ یقین نہیں آ رہا کہ انھیں اس بے دردری سے قتل کر دیا گیا ہے۔