خطرات کے پیش نظر آسیہ بی بی کے شوہرعاشق مسیح کی مغربی ممالک سے پناہ کی اپیل

خاندان کے افراد کو لاحق شدید خطرات کے پیش نظر آسیہ بی بی کے شوہر عاشق مسیح نے مغربی ممالک اور امریکا سے پناہ کی اپیل کردی ہے۔ عاشق مسیح نے برطانیہ، امریکہ اورکینیڈا سے پناہ کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حکومت کے تحریک لبیک سے معاہدے کے بعد ان کے خاندان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ایک ویڈیو پیغام میں عاشق مسیح نے کہا ہے کہ انھیں اپنے خاندان کی سلامتی کے بارے میں تشویش ہے۔عاشق مسیح نے جرمنی کے خبررساں ادارے ڈوئچے ویلے کو انٹرویو میں بتایا کہ آسیہ بی بی کی بریت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کو رکوانے کے لیے حکومت کی ناکامی اورتحریک لبیک کے مابین معاہدے کے بعد وہ اور ان کا خاندان خوفزدہ ہے۔عاشق مسیح نے مزید کہا کہ معاہدے سے ان میں خوف کی لہر دوڑ گئی اورایسی نظیر قائم کرنا غلط ہے جس کے نتیجے میں آپ عدلیہ پردباؤ بڑھاتے ہیں۔موجودہ صورتحال ہمارے لیے بہت خطرناک ہے۔ہماری کوئی سکیورٹی نہیں اورہم یہاں چھپ کر بیٹھے ہیں اوربارباراپنا ٹھکانہ تبدیل کر رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ان کی اہلیہ آسیہ بی بی نے پہلے ہی بہت تکلیف برداشت کر چکی ہے اوراس نے بے قصور ہوتے ہوئے بھی 10 برس جیل میں گزارے ہیں اور میری بیٹیاں ان کی آزادی کے لیے بے تاب ہیں لیکن اب نظر ثانی کی اپیل ان( آسیہ بی بی) کی مشکلات کو طول دے گی۔خیال رہے کہ تحریکِ لبیک اور حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت آسیہ بی بی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے گا اور آسیہ بی بی کے مقدمے میں نظر ثانی کی اپیل پر حکومت اعتراض نہیں کرے گی۔عاشق مسیح نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ آسیہ بی بی اور ان کے اہلِ خانہ کی پاکستان سے رخصتی میں مدد کریں اور اس اقلیتی جوڑے اور اس کے خاندان کو امریکا میں پناہ دی جائے۔ برطانیہ میں پاکستانی مسیحیوں کی تنظیم برٹش پاکستانی کرسچین ایسوسی ایشن کی طرف سے ریکارڈ کیے گئے عاشق مسیح کے ایک ویڈیو پیغام میں آسیہ بی بی کے شوہر نے کہا ہے، ’’میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان سے رخصتی میں ہماری مدد کریں۔‘‘اس ویڈیو پیغام میں عاشق مسیح نے اپنے بھائی جوزف ندیم کے لیے بھی پاکستان سے رخصتی اور بیرون ملک پناہ کے حصول میں مدد کی اپیل کی ہے۔ جوزف ندیم نے بھی آسیہ بی بی کی گرفتاری کے بعد اپنی بھابھی کا مقدمہ لڑنے میں عملی طورپر اپنے بھائی عاشق مسیح کی بھرپور مدد کی تھی اور عاشق مسیح کے مطابق جوزف ندیم کی زندگی بھی خطرے میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں