چیف جسٹس نے یونائیٹڈ کرسچن اسپتال (UCH) کی بحالی کا حکم دے دیا

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے لاہور میں واقع زبوں حالی کے شکار قدیم مسیحی اسپتال ”یونائیٹڈ کرسچن اسپتال“ کی بحالی کا حکم دے دیا ہے۔لاہور رجسٹری میں مفاد عامہ سے متعلق کیسوں کی سماعت کے دوران یو سی ایچ کی بحالی کے معاملے پرسماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ مسیحی برادری کی جانب سے یہ لاہور کے شہریوں کیلئے اچھا اسپتال تھا لیکن اب یہ کھنڈر بن چکا ہے۔چیف جسٹس نے یو سی ایچ ٹرسٹ کو چیف سیکرٹری سے تعاون کی ہدایت کرتےہوئے ایک ہفتے میں بحالی کے منصوبہ کی رپورٹ طلب کرلی۔واضح رہے کہ کسی زمانہ میں مذکورہ اسپتال شہر کا بہترین اسپتال تھا جہاں جدید طبی سہولیات فراہم کی جاتی تھیں۔اس اسپتال میں ملکی تاریخ کا پہلا بائی پاس آپریشن ہوا تھا۔تاہم وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اس اسپتال پر زوال آگیا اوراس کے انتظامی امور میں شدید بدتری دیکھی گئی۔انتظامی و فیصلہ سازی کے فقدان کی وجہ سے اسپتال بحرانی کیفیت کا شکار ہوگیااور تباہی کا شکار ہوگیا ہے۔حال ہی میں گورننگ بورڈ کے ایک فیصلے کے تحت اسپتال کو ایک معاہدے پر کورین انتظامیہ کے حوالہ کردیا گیا ہے جس سے بہتری کی امید کی جارہی ہے۔