پوپ فرانسس کے دورہ عرب امارات میں ڈیڑھ لاکھ افراد شریک ہونگے

پاپائے اعظم فرانسس تاریخی دورہ پر متحدہ عرب امارات پہنچ رہے ہیں۔وہ اتوار کی رات یہاں پہنچیں گے اور3 تا 5 فروری اماراتی شہروں میں مختلف تقریبات میں شریک ہونگے۔پاپائے اعظم فرانسس بروز منگل ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاپائی پاک ماس کی قیادت کریں گے جس میں ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈیڑھ لاکھ کے قریب مومنین شرکت کریں گے۔مقامی چرچ انتظامیہ اب تک 135000داخلہ پاس جاری کرچکی ہے۔یوں توقع کی جارہی ہے کہ اسٹیڈیم مومنین سے کھچا کھچ بھراہوا ہوگا اور اسی طرح پاپائے اعظم کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر ہزاروں کی تعداد میں افراد اسٹیڈیم کے باہر بھی موجود ہونگے۔
یوں پاپائے اعظم فرانسس کو یہ اعزاز حاصل ہوجائے گا کہ وہ جزیزہ نما عرب میں پاک ماس ادا کرنے والے پہلے پاپائے اعظم بن جائیں گے۔پاپائے اعظم کا یہ 27 واں غیرملکی دورہ ہوگا جس کے لئے موضوع مقدس فرانسس آف اسیسی کے الفاظ ”مجھے امن کا وسیلہ بنادے“ رکھا گیا ہے۔اس موقعہ پر اماراتی حکومت نے بروزاتوار تعطیل کااعلان کردیا ہے تاکہ یہاں مقیم تارکین وطن بڑی تعداد میں پاپائے اعظم کی عبادت میں شریک ہوسکیں۔دبئی کے سینٹ میری کاتھولک چرچ کے باہر اسٹیڈیم میں عبادت میں شریک ہونے کے خواہش مند افراد طویل قطاروں میں لگ کر داخلہ ٹکٹ حاصل کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں