پاکستان پوسٹ کی جانب سے ڈاکٹر روتھ فاؤ کا یادگاری سٹیمپ جاری

پاکستان پوسٹ نے آٹھ روپے مالیتی کا ڈاک ٹکٹ مایہ ناز اور جذام کی عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹر، معروف سماجی کارکن اور انسانیت نوازشخصیت روتھ کیتھرینا مارتھا فاؤ کی وفات کے بعد ان کی مثالی اور بے لوث خدمات کے اعتراف میں جاری کردیا ہے۔اسکاڈیزائن ملک کے سرکردہ ڈیزائینر مگھیز خان نے بنایاہے۔ آٹھ روپے کے پاکستان پوسٹ کے اس ٹکٹ کی طباعت پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں کی گئی ہے۔ محکمہ ڈاک کے اعلامیے کے مطابق یہ ٹکٹ ملک کے اہم ڈاک خانوں میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹرروتھ کیتھرینا مارتھا فاؤ ویسے تو جرمنی میں پیدا ہوئیں لیکن اپنی جوانی پاکستان کی خدمت میں وقف کردی، 60 کی دہائی میں پاکستان میں جزام کے ہزاروں مریض تھے، اس وقت سہولتیں اور علم کی کمی کی وجہ سے جزام یا کوڑھ کو لاعلاج اورمریض کو اچھوت سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنی خدمات کو کسی خاص طبقے، مذہب یا فرقے تک محدود نہیں رکھا تھا بلکہ وہ بلاتفریق انسانیت کی خدمت کرتی رہیں اور ثابت کر دیا کہ انسانیت کا رشتہ سب سے بڑا رشتہ ہوتا ہے۔ ان کےجذبہ انسانیت کی بدولت پاکستان میں لاعلاج موذی مرض جذام میں مبتلا ہزاروں مریض دوبارہ جی اٹھےاورانکی بدولت جذام کاملک سےمکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔