اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ میرے ایمان کا حصہ ہے: وزیراعظم

 نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کا کہنا تھا کہ اقلیتویں کی عبادت گاہوں کا تحفظ میرے ایمان کا حصہ ہے۔ حضرت آدم علیہ السلام سے لےکرنبی کریمﷺتک تمام انبیا ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ حضرت آدمؑ سے لے کر نبی کریمﷺ تک تمام انبیا علیہ السلام کو ماننا ہم پر فرض ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہرطرح کی شدت پسندی کی مذمت کرتا ہے۔ قائداعظم دوراندیش تھے جنھوں نے مستقبل کے حالات کو جان لیا تھا۔ ہندو توا کو بھانپتے ہوئے قائداعظم نے الگ وطن کیلئے جدوجہد کی۔

انورالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں۔ مسیحی برادری نے تعلیمی میدان میں اہم خدمات انجام دیں۔ آزادی اظہار رائے اور نفرت کی زبان میں فرق ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہے مگرنفرت پھیلانے کی نہیں۔ ملک کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ فلسطین میں فوری امن قائم ہونا چاہیے۔ پاکستان کہیں بھی جنگ نہیں امن چاہتا ہے۔