گورنر سندھ محمد زبیر نے مسیحیوں کے تہوار کرسمس کی آمد کی خوشی میں گورنر ہائوس میں منعقدہ تقریب میں کیک کاٹا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل ،مسلم لیگ (ن) سندھ کے اقلیتی ونگ کے صدر شام سندر ایڈوانی اور جنرل سیکریٹری کھیل داس کو ہستانی، سینیٹر سلیم ضیا، مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری شاہ محمد شاہ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اداروں کے افراد اور مسیحیوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔اس موقع پر گورنر سندھ نے مسیحیوں کو کرسمس کی آمد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دہری خوشی کا موقع ہے جب مسیحی ہر برس کی طرح امسال بھی اپنے تہوار کو جو ش و جذبہ سے منارہی ہے جبکہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا پیدائش کا دن بھی 25 دسمبر ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک و صوبہ کی ترقی و خوشحالی میں دیگر اقلیتوں کی طرح مسیحیوں کا بھی کردار ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر شعبہ میں مسیحی برادری کے افراد قومی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان میں کسی بھی ایک مذہب اور عقیدہ کو کسی دوسرے پر فوقیت حاصل نہیں ہے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے 11 اگست 1947 ء میں اپنے خطاب میں واضح کیا تھا کہ تمام مذاہب کے لوگ ایک ساتھ مل کر پاکستان کے لئے کام کرینگے۔ بحیثیت مسلمان ہمارا عقیدہ ہے کہ ہمیں مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ظالم کوئی بھی ہو اور کتنا ہی طاقتو ر ہی کیوں نہ ہو ا س کا مظلوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کرنا ہے کیونکہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے جبکہ آئین پاکستان میں بھی تمام اقلیتوں کو تحفظ اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ،ملک کی ترقی میں اقلیتوں کو بھرپور نمائندگی کے مواقع دستیاب ہیں اس ضمن میں سینٹ ، قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر منتخب اداروں میں اقلیتی برادری کے افراد با الخصوص اپنی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کی ترقی میں اقلیتی برادری کو بھرپور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ہم سب کو مل کر صوبہ کو ترقی و خوشحالی کی نئی منازل پر لے کر جانا ہے یہی ہمارا وژن ہونا چاہئے ۔تقریب میں گورنر سندھ نے مسیحی برادری کے غریب افراد میں کرسمس کی خوشی میں تحائف اور نقد رقم بھی تقسیم کی۔