پوپ فرانسس کا دورہ پاکستان جلد متوقع

مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا دورہ پاکستان جلد متوقع ہے، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے 2015ء میں انھیں دعوت نامہ بھیجا تھا۔ اس سے قبل آخری مرتبہ پوپ جان پال ٹو نے 1981ء پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے دورہ پاکستان کی جلد توقع کی جا رہی ہے۔ پوپ فرانسس کو پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے دورے کا پیغام بھجوایا تھا جنہوں نے اس خوش دلی سے قبول کیا تھا اور دورہ پاکستان کی حامی بھری تھی۔ اس بات کی تصدیق ویٹی کن کی جانب سے جاری ایک اعلان میں بھی کی گئی تھی۔

اس وقت پاکستانی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کامران مائیکل اور مذہبی امور کے وزیر سردار محمد یوسف نے ویٹی کن کا دورہ کر کے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے پوپ فرانسس کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ وزیر اعظم کے خط میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی و شخصی آزادی حاصل ہے، مذہبی تہواروں کے موقع پر حکومت اقلیتوں کی مکمل معاونت کرتی ہے۔ اس ملاقات کے موقع پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی تھی۔ خیال رہے کہ آخری مرتبہ پوپ جان پال ٹو نے 1981ء میں پوپ کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔