پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن اور نرسز نے کرسمس کی مناسبت سے جنرل ہسپتال میں250 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ملازمین نے زور و شور سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔کیک کاٹنے کی یہ تقریب17دسمبر کو ہسپتال میں ہو گی جس میں مسیحی ملازمین بڑی تعداد میں شرکت کریں گے جبکہ اُن کے باقی ساتھی بھی اس میں شریک ہوں گے جس کے لئے ہسپتال انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی۔
دریں اثناء سربراہ جنرل ہسپتال پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اورپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر خالد محمود نے بتایا کہ تمام مسیحی ملازمین کو رواں ماہ کی تنخواہ20دسمبر کو ادا کرنے کیلئے ڈائریکٹر فنانس کو ضروری احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ،امیر الدین میڈیکل کالج ، لاہور جنرل ہسپتال ،نرسنگ کالج اور نیورو انسٹی ٹیوٹ میں خدمات سر انجام دینے والے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا مذہبی تہوار بھرپور جوش و خروش سے منا سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس کی تقریب میں انتظامیہ کے افراد بھی شرکت کریں گے اور اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے اُن کا ساتھ دیں گے ۔پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر خالد محمود نے مزید کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ ہم سب کے لئے مذہبی نقطہ نظر سے بھی قابل احترام ہیں اور اُن کا یوم ولادت ہم سب پوری عقیدت اور احترام سے منائیں گے جس کے لئے جنرل ہسپتال میں 250پاؤنڈ وزنی کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی ۔