وزیرکالونیز و جیل خانہ جات پنجاب نے اڈیالہ جیل میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پروزیرکالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے مسیحی قیدیوں کی سزاؤں میں ایک ماہ کی کمی کی سفارش بھی کی۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کے لیے ترقی اور تعلیم کے راستے کھلے ہیں،مسیحی برادری اپنے بچوں کے لیے اعلیٰ عہدوں کی کوشش کرے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ خواہش ہے اعلیٰ عہدوں اور بزنس کمیونٹی سمیت ہر شعبے میں مسیحی برادری ہو۔
واضح رہےک ہنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے کرسمس کے موقع کے لیے معیاری طریقہ کار(یس او پیز) جاری کر دیے۔
این سی او سی سے جاری گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ شہری کرسمس کی چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر اور غیر ضروری تقریبات میں شرکت سے گریز کریں۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ شہری کرسمس کے لیے شاپنگ کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور شاپنگ کے لیے بازار میں رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔
این سی او سی نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر تحائف کے تبادلوں سے وائرس پھیلنے کا احتمال ہے، شہری کرسمس کے موقع پر روایتی مبارکباد، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں جبکہ بڑے گھریلو اجتماعات سے بھی گریز کیا جائے۔
گرجا گھروں میں کرسمس عبادات کے حوالے سے ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ گرجا گھروں میں عبادات کے دوران افراد میں ایک میٹر کا فاصلہ رکھا جائے، ہر شخص ماسک پہنے، عبادات کے لیے آنے والوں کے لیے فرش پر نشانات لگائے جائیں اور لوگوں کی تھرمل اسکریننگ کی جائے۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ گرجا گھر کے دروازے پر ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تازہ ہوا کے گزر کے لیے کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، قالین کے استعمال سے گریز کیا جائے اور کرسمس کے خطبات میں کورونا کے حوالے سے آگاہی کے پیغامات دیے جائیں۔
این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ چرچ کی دعا میں 15 سال سے کم عمر، بیمار اور بوڑھے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔