آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد (بشپ آف اسلام آباد/ راولپنڈی) نے مسیحی برادری کو دعائیہ سروسز کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل در آمد وگڈ فرائیڈے اور ایسٹر پر جڑواں شہروں کے گرجاگھروں میں خصوصی انسداد کورونا دعائیں کرنے کی ہدایت کی ہے اور اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی خطرناک لہر نے ایک بار پھر زور پکڑا ہے جو پہلے سے بھی زیادہ تیز ی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور معصوم لوگوں کی زندگیوں کونگل رہا ہے۔
اِس عالمی وبا کی وجہ سے دُنیا کے تقریباً تمام ممالک معاشرتی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔اگر ہم 2020کا جائزہ لیں تو اِس خطرناک وائرس کی تباہ کاریاں کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہیںاِس وائرس کی وجہ سے غریب ممالک بھوک و افلاس،غربت، خوراک کی کمی، ادوایات عدم دستیابی ،بے روز گاری اور مالی وسائل کی کمی کا شکار ہیں۔
موجودہ صورت حال کے شدید چیلنجز اور سنگین مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں ایک قوم اور ایک سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہیں۔
اِسی لئے میں پوری قوم کو یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے خُدا تعالیٰ سے وبا کے خاتمہ کی دُعا کرتا ہوں اور اُن تمام سائنسدانوں کی خدمت کو سراہتا ہوں جنہوں نے کروناوائرس کی ویکسین ایجاد کر کے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کا عظیم کارنامہ سر انجام دیا ہے۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے اُمید ظاہر کی ہے کہ خُدا تعالیٰ اِس ویکسین کے ذریعے پوری دُنیا اور ملک پاکستان کے لوگوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ میں مدد عطا کرے گا۔
اُنہوں نے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ تما م احتیاطی تدابیر پر سختی کے ساتھ عمل پیرا ہوں اور اپنی زندگی اور دوسروں کے لئے بھی تحفظ اور تندرستی کا وسیلہ بنیں۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے حکومت پاکستان ، مسلح افواج صحت کے اداروں ، سماجی تنظیموں اور مختلف اداروںکی طرف سے کرواناوائرس کے خاتمہ کے لئے کئے گئے اقدامات کو بھی سراہا