فرانسیسی سفارتخانہ نے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق سنگین خطرات کے پیش نظر فرانسیسی حکام نے اپنے شہریوں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی ایمبیسی نے اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے کی جانب سے یہ ہدایات مذہبی جماعت کی جانب سے پر تشدد مظاہروں کے بعد دی گئیں۔
فرانسیسی شہریوں کو ای میل کے ذریعے کہا گیا کہ پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو سنگین خطرات کی وجہ سے فرانسیسی شہریوں اور فرانسیسی کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑ دینے چاہئیے۔ فرانسیسی شہریوں کی روانگی موجودہ کمرشل ائیر لائنز کے ذریعے انجام دی جائے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ تین روز سے ملک بھر میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
حکومت کے چھ کے قریب اداروں نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ ٹی ایل پی کے حالیہ احتجاج کے نتیجے میں نیکٹا، محکمہ داخلہ پنجاب، اسپیشل برانچ پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور وزارت داخلہ اور خارجہ امور نے ٹی ایل پی کو دہشت گردی کا نیا دور قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی تشدد اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ اب حکومتی رٹ کو تباہ کررہی ہے۔