کرینہ کپور کیخلاف مسیحیوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی شکایت درج

ممبئی: بالی ووڈ کی بے بو کرینہ کپور اپنی حال ہی میں شائع کی جانے والی کتاب ’’پریگنینسی بائبل‘‘ کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئیں۔

کرینہ کپور کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب ’’پریگنینسی بائبل‘‘ اپنے ٹائٹل (عنوان) کی وجہ سے تنازع کا شکار ہوگئی۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے ایک مسیحی گروپ نے کتاب کےعنوان کے باعث مسیحی برادری کے جذبات مجروح کرنے پر اداکارہ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور کی کتاب کے عنوان میں موجود لفظ ’’بائبل‘‘ کی وجہ سے لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ بدھ کے روز ایک مسیحی گروپ نے کرینہ کپور پر ان کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام لگایا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الفا اومیگا کرسچن مہاسنگھ کے صدر آشیش شیندے نے شیوا جی نگر پولیس اسٹیشن میں کرینہ کپور کی کتاب، کتاب کی دوسری مصنفہ آدیتی شاہ بھیم جانی اور پبلشر جگرناتھ بُکس کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔ شکایت انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 295 اے (جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی کارروائیوں) کسی بھی طبقے کے مذہب یا مذہبی عقائد کی توہین کرکے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے ارادے کے تحت کرینہ کپور اور دیگر دو لوگوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔

پولیس میں درج کی گئی شکایت میں شیندے نے کہا ہے کہ کتاب کے عنوان ’’پریگنینسی بائبل‘‘ سے مسیحی برادری کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ پولیس نے شکایت درج کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپیکٹر سائی ناتھ تھومبرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہمیں اداکارہ سمیت تین لوگوں کے خلاف شکایت موصول ہوئی ہے لیکن ابھی تک اس معاملے میں کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں کیا گیا ہے کیونکہ یہ واقعہ یہاں کا نہیں ہے۔ میں نے آشیش شیندے کو مشورہ دیا ہے کہ اس کیس کی شکایت ممبئی میں درج کروائیں۔

واضح رہے کہ کرینہ کپور نے اپنی کتاب جس کا عنوان ’’پریگنینسی بائبل‘‘ ہے 9 جولائی 2021 کو متعارف کرائی تھی اور اسے انہوں نے اپنا تیسرا بچہ قرار دیا تھا۔