مسیحی برادری ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے: آرمی چیف قمر باجوہ

راولپنڈی (ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ آرچ بشپ کینٹبری جسٹن ویلبے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور بین مذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسیحی برادری ملکی ترقی اور مسلح افواج میں رہ کر مادر وطن کے دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چرچ آف انگلیڈ کے سربراہ آرچ بشپ کینٹبری جسٹن ویلبے نے ملاقات کی، جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونیوالی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین مذاہب ہم آہنگی پر گفتگو ہوئی، پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشنر کرسچئن ٹرنر بھی ہمراہ تھے، آرمی چیف نے مسیحی برادری کے قیام پاکستان میں کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا بھرہور کردار ادا کررہی ہے، آرمی چیف نے مسیحی برادری کے تعلیم، صحت اور پبلک ویلفیئر کے شعبوں میں منظم کردار کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے خصوصی طور پر مسلح افواج میں شامل مسیحی برداری کے افراد کی مادر وطن کے دفاع کیلئے کوششوں کو بھی سراہا۔ آرج پشب نے انسداد دہشت گردی اور اقلیتوں کے تحفظ کےلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا، اور کہا کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔