کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے پوری دُنیا کے مسیحیوں کو 25مارچ2022کو روس اور یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمہ اور اَمن و استحکام کے لئے خصوصی دُعا ئیہ تقریبات منعقد کرنے کی اپیل کی ہے۔
اِس سلسلہ میں آرچ بشپ اسلام آباد راولپنڈی ڈائیوسیس و پاکستان کاتھولک بشپ کانفرنس کے صدر ڈاکٹر جوزف ارشد نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پاکستان کی تمام مسیحی قوم سے 25مارچ2022کو خصوصی دُعائیہ تقریب کا اہتمام کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ اور کشیدگی کا خاتمہ ہو سکے اور دونوں ممالک اور دُنیا میں اَمن قائم ہو سکے۔
آرچ بشپ جوزف ارشد نے کہا ہے کہ عالمی برادری جنگ کے خاتمہ کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے کیونکہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے پوری دُنیا پر خطرناک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اِس وقت سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کا جانی و مالی نقصان ہو چکا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ 25مارچ کو ہم سب پوپ فرانسس کی اپیل پر یوکرین و روس اور خطے کے لئے اَمن و سلامتی کے لئے دُعا مانگیں گے۔ اِس سلسلے میں تمام گرجا گھروں سمیت سینٹ جوزف کیتھڈرل راولپنڈی میں شام 4:30بجے خصوصی دُعائیہ تقریب منعقد ہو گی۔