بھارت: مسیحی برادری کا دہلی میں احتجاج

نئی دہلی23جولائی: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پورمیں ظلم وبربریت کے خلاف کوکی مسیحی برادری کے ارکان نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر منی پور میں گھنائونے جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ درج تھا۔تشدد سے متاثرہ منی پور ریاست میں جہاں مسیحی برادری کی آبادی 41.29فیصد سے زیادہ ہے، ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی اورراشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے پیروکاروں کی حکومت ہے۔
دریں اثناء نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن(این ای ایس او)نے بھی منی پور میں خواتین پر ظلم وبربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں اشتعال انگیز، ظالمانہ اور غیر انسانی ہیں جو ایک مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہیں۔طالب علموں نے ایک بیان میں کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ ان خواتین کو جس بربریت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے،یہ ہر اچھی سوچ رکھنے والے فرد کوہلانے کے لیے کافی ہے۔این ای ایس اونے کہا کہ ہر جنگ یا فسادمیں خواتین اور بچے سب سے زیادہ کمزور طبقہ ہوتے ہیں اور اکثر نشانہ بنتے ہیں۔بے بس خواتین اور بچوں پر مظالم کی سب کو مذمت کی جانی چاہیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس گھنائونے فعل میں ملوث تمام مجرموں کو گرفتار کیا جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔