اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی آئین کی پاسداری ہے: بلاول بھٹو

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ اور اقلیتوں سمیت ملک کے تمام پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی دلا سکتی ہے۔

یہ بات پی پی پی چیئرمین نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہی۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی آئین کی پاسداری ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒنے 11 اگست 1947ءکی تاریخی تقریر میں واضح کردیا تھا کہ ان کی قیادت میں قائم ہونےوالی نئی ریاست میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے حوالے سے ہمیشہ عادلانہ و قابلِ عمل نقطہ نظر اختیار کیا ہے، اور 1973ءکا آئین جس کی ایک واضح مثال ہے، جو تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دورِ وزارتِ اعظمیٰ کے دوران اقلیتوں کے مسائل کے حل اور ان کی ترقی و بہبود کےلئے بیشمار انقلابی اقدام اٹھائے تھے، جن میں وزارتِ اقلیتی امور کا قیام بھی شامل ہے۔

انہوں نے 11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کرنے پر صدر آصف زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سب کو اعتماد میں لے کر اور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہی صدر زرداری کا ویژن اور پہچان ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا ان کی پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے، جس نے اپنے غیر مسلم کارکنان کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کی جنرل سیٹوں پر ٹکٹ دے کر منتخب کروایا اور سینیٹ میں بھی نمائندگی دی، جبکہ دیگر جماعتوں کے مقابلے میں اپنی حکومتوں کی کابینہ میں بھی اقلیتی برادری کو سب سے زیادہ نمائندگی دی ہے۔

غیر مسلم شہریوں کے حقوق و بہبود کے حوا لے سے پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے جو قانون سازی اور عملی اقدامات کیے ، اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی تمام اقلیتوں کو قوم سازی اور ملکی ترقی میں اپنی تعداد سے کہیں زیادہ حصہ ملانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا پاکستان کی اکثریتی اور اقلیتی برادریوں کا صدیوں سے جینا مرنا اور دکھ سکھ ہمیشہ سانجھے رہے ہیں، ہم کسی کو بھی اپنے معاشرتی تانے بانے ادھیڑنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ان کی جماعت پاکستان کے حقیقی معاشرتی اقدار و رواداری کی حفاظت کرےگی، ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور وسیع تر قومی اتفاق و اتحاد کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔