چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام تمام انبیا کرام کی عزت و احترام کا درس دیتا ہے ،پاکستان میں اقلیتی برادری کو ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے ، سانحہ جڑانوالہ کے دالخراش واقعہ کی پر روز مذمت کرتے ہیں،ہم مسیحی برادری سے معافی مانگتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بشپ ندیم کامران کے ہمراہ جمعرات کے روز یہاں سینٹ انتھونی کیتھولک چرچ ریگل چوک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر آرچ بشپ لاہور ڈاکٹر سبیسٹئن شا بھی موجود تھے۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد اکثریت میں ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اقلیتی مسیحی برادری سے جینے کا حق چھین لیں،پورا پاکستان جڑانوالہ واقعہ پر غمزدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ پر ہم شرمندہ ہیں، چرچ میں مسیحی قائدین سے معافی مانگنے آئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام تمام انبیا اکرام کی عزت و احترام کا درس دیتا ہے ،پاکستان میں اقلیتی برادری کو ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے،اسلام میں مسیحی عبادت گاہوں کی گھنٹیوں کو بھی مکمل تحفظ حاصل ہے،جو جڑانوالہ میں واقعہ ہوا اس پر ہم نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی جس پر ہم معافی کے طلب گار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوزف کالونی کے ملوث لوگوں کو سزا دی جاتی تو یہ واقعہ رونما نہ ہوتا،کبھی شانتی نگر تو کبھی قصور واقعہ پر افسوس کرتے ہیں، نو مئی کے مجرموں کی طرح جڑانوالہ کے مجرموں کو بھی قرار واقعی سزا دی جا نی چاہیے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ قرآن پاک کی طرح بائبل اورتورات بھی مقدس کتابیں ہیں ان کو جلانے کا بہت دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویڈن کے واقعہ پر بشپ ہمارے ساتھ رہے، بشپ سے قوم ،ریاست و حکومت کی جانب سے معافی مانگتا ہوں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ جتنے چرچز و گھر جلائے گئے ان کی بحالی کی جائے ، مجھے چرچ آف پاکستان یا بشپ نے نہیں کہا لیکن میرا مطالبہ ہے کہ جو نقصان ہواہے اسے پورا کیاجائے اور جڑانوالہ واقعہ میں ملوث لوگوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔