پوپ فرانسس کا بچپن میں کی گئی غلطی کا اعتراف

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بچپن میں کلاس میں ساتھ پڑھنے والے ایک لڑکے کو زیادہ وزن ہونے پر تنگ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 86 سالہ پوپ فرانسس نے حال ہی میں بھارتی، پاکستانی اور نیپالی مسیحی طلباء کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میں بتایا کہ اُس نوجوان لڑکے کا وزن زیادہ تھا اور میری حرکت پر بعد میں میرے والد نے لڑکے سے معافی مانگنے پر مجبور کیا۔

پوپ فرانسس نے جسمانی خدوخال اور خوبصورتی کے معیارات سمیت دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گفتگو کے دوران بھارت سے تعلق رکھنے والی مرلن نامی نوجوان خاتون نے اپنے وزن کی وجہ سے تنقید اور مذاق کا نشانہ بننے کا اپنا ذاتی تجربہ شیئر کیا۔ بھارتی خاتون نے بتایا کہ کس طرح اس نے مسلسل طعنوں کو برداشت کیا جس کی وجہ سے وہ روئی اور اسے تکلیف بھی ہوئی۔