غیر ملکی میڈیا کا جڑانوالہ میں گرجا گھروں کا دورہ، مقامی مسیحیوں سے بات چیت

غیر ملکی میڈیا کے صحافیوں کے ایک گروپ نے ہجوم کے تشدد کے دوران جلائے جانے کے بعد بحالی کے کام کو دیکھنے کے لئے جمعرات کو جڑانوالہ میں گرجا گھروں کا دورہ کیا۔ اگست میں جڑانوالہ میں متعدد گرجا گھروں کو آگ لگا دی گئی تھی جس کی ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔

دورہ کرنے والے صحافیوں کا تعلق اے ایف پی، بی بی سی، واشنگٹن پوسٹ، رشیا ٹوڈے، ڈی پی اے (جرمنی)، لا کروکس (فرانس)، اناطولیہ (ترکیہ)، این ایچ کے (جاپان) اور عرب نیوز سمیت معروف میڈیا اداروں سے تھا۔

انہوں نے گرجا گھروں کی بحالی کے بارے میں رائے حاصل کرنے کے لئے بشپ اور مقامی مسیحی برادری سے بھی بات چیت کی۔ اس دورے کا اہتمام حکومت پاکستان نے عالمی میڈیا کو گرجا گھروں کی بحالی کے بارے میں براہ راست معلومات کا موقع فراہم کرنے کے لئے کیا تھا۔