پاکستان کی ترقی میں مسیحیوں کی خدمات ناقابل فراموش:گورنر پنجاب

(اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پیر کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ڈائریکٹر نیشنل کرسچن نیشنل ایوارڈ نتھا نیل گل کے زیراہتمام تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔گورنر پنجاب نے سینیٹر کامران مائیکل سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ایوارڈز تقسیم کئے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام کیلئے ہمارے مسیحی بھائیوں کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے جہاں مسلمانوں نے بہت سی قربانیاں دیں وہیں مسیحی برادری نے بھی اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد مسیحی برادری نے تعلیم،صحت، قانون سمیت دیگر شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان میں اقلیتیں جس قدر آزادی اور سکون سے زندگی گزار رہی ہیں یہ اس خطے میں بسنے والوں کے لئے ایک روشن اور تابناک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی روا داری اور محبت و چاہت کے رشتوں کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور اسی میں انسانیت کی بقا کا راز مضمر ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے اقلیتی برادری کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں اب تک ایس پی سنگھا ایوارڈز سمیت اقلیتوں کی کئی تقریبات منعقد ہو چکی ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد میں ایوارڈز تقسیم کئے۔ ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں سینیٹر کامران مائیکل(سیاست)پاسٹر جان اے ڈی(مذہب)ڈاکٹر سائمن الفریڈ(صحت)جیسبر عاشق(میڈیا)ڈاکٹر نیر فردوس(تعلیم)اے ڈی چوہدری(وکالت)شوکت مسیح(اسسٹنٹ کمشنر)زکریا یوسف(پولیس)مسز نازش اختر اورعمون عمانویل