پوپ فرانسس کی ایک بار پھر اسرائیل اور فلسطین جنگ ختم کرنے کی اپیل

 پوپ فرانسس نے اتوار کے روز ایک مرتبہ پھر غزہ میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان لڑائی ختم کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے ۔ وہ ویٹیکن کی پیٹرز سٹریٹ میں جمع ہونے والے ہجوموں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر غزہ کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔

پوپ فرانسس نے کہا ‘ ‘بھائیو! بہت ہو گئی، بہت ہو گئی، بہت ہو گئی’ غزہ کے زخمیوں کا بطور خاص ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ان کے لیے فوری توجہ اور علاج کا کہا جبکہ شہریوں کے تحفظ کی اپیل کی۔ پوپ نے غزہ میں موجود مغویان کی بھی فوری رہائی پر زور دیا۔

پوپ فرانسس نے اسلحہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ‘ اس سے امن قائم کرنے میں مدد نہیں ملے گی بلکہ یہ تصادم کو ہی بڑھائے گا۔ اس لیے تصادم کو بڑھانا نہیں چاہیے۔ ‘

پوپ نے کہا ‘اسرائیل اور فلسطینیوں کی اس لڑائی کے سبب جو مصائب میں مبتلا ہیں میں ان اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے بہت قریب ہوں اور ان سب کے لیے دعا کرتا ہوں۔’ ادھر اسرائیل نے غزہ کے بمباری سےتباہ کر دیے گئے اور بجلی و ایندھن کی فراہمی سے محروم کر دیے گئے ہسپتالوں سے بچوں کو کسی بڑے ہسپتال منتقل کرنے کی پیش کش کی ہے۔