شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں کوکی-زو قبائل کی ایک مسیحی تنظیم نے ریاست کے مسیحی اکثریتی علاقوں میں ایک خود مختار حکومت قائم کرنے کااعلان کیا ہے ۔اس اعلان کوسیاسی تجزیہ کار بھارت سے مکمل آزادی کی طرف ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔
پہاڑی اکثریتی کوکی گروپ انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم کا یہ بیان ریاست میں کئی مہینوں سے جاری پرتدد واقعات کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں 180 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔فورم کے کے جنرل سکریٹری موان ٹومبنگ نے منی پور کے ضلع چورا چند پور میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران صحافیوں کو بتایاکہ چھ ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور منی پور حکومت سے الگ انتظامیہ کے ہمارے مطالبے کے بارے میں کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ لہذا اگر ایک دو ہفتوں میں ہماری آواز نہیں سنی گئی تو ہم اپنی خود مختار حکومت قائم کریں گے۔بے شک مرکز اسے تسلیم کرے یا نہ کرے۔موان ٹومبنگ نے کہاکہ ایک ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے کی طرح، ہم ایک خود مختار حکومت قائم کریں گے جو کوکی-زو علاقوں میں تمام معاملات کو دیکھے گی۔انہو ں نے کہاکہ ریاستی حکومت پر اکثریتی میتی کمیونٹی کا غلبہ ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ حکمراں بی جے پی کے ارکان سمیت دس قبائلی ایم ایل ایز نے بھی منی پور سے مکمل علیحدگی کا مطالبہ کیا ہے۔