سندھ اسمبلی کے سابق رکن مائیکل جاوید کو کراچی کے گورا قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ جنازے کی تقریب میں آرچ بشپ آف کراچی جوزف کاؤٹس نے نمائندگی کی،اس موقع پر کئی پاکستانی مسیحی چرچ لیڈران نے شرکت کی۔
جنازے کی تقریب میں کئی مسلمان،ہندو اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ مرحوم مائیکل جاویدبطورِ رکن سندھ اسمبلی کیلئے 1988سے 2002کے عرصے کے دوران 4مرتبہ نامزد ہوئے۔اپنے سیاسی دورِ زندگی میں آپ کئی بڑی پارٹیوں کیساتھ کام کرتے رہے جن میں پاکستان پیپلز پارٹی،پاکستان مسلم لیگ نواز،پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور پاکستان تحریکِ انصاف شامل ہیں۔
مائیکل جاوید پاکستان مینارٹی فورم کے بانی اور چیئرپرسن تھے،شہید شہباز بھٹی کی پارٹی کے سندھ اور بلوچستان کے صدر بھی تھے۔اس موقع پر مسیحیوں کیلئے انکی سیاسی وسماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ سندھ کے چیف منسٹر کے ایڈوائزر برائے مذہبی ہم آہنگی انتھنی نوید نے بھی مائیکل جاوید کی خدمات کو سراہا ،انکا کہنا تھا کہ مرحوم کی اقلیتوں اور انکے حقوق کی خاطر کی جانے والی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔