خیبرپختونخوا:غیرت کے نام پر قتل،اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مضامین نصاب میں شامل کریں

خیبرپختونخوا:غیرت کے نام پر قتل،اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مضامین نصاب میں شامل کریں
خیبر پختونخوا (دنیا نیوز)  کی پولیس نے صوبائی حکومت سے غیرت کے نام پر قتل، اقلیتوں کے حقوق اور دہشتگردی کے حوالے سے مضامین نصاب میں شامل کرنے کی درخواست کر دی۔ آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی کہتے ہیں بچوں کو ابتداء ہی سے دہشتگردی اور جرائم کے نقصانات سے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہو گیا ہے۔
 دہشتگردی، غیرت کے نام پر قتل اور اقلیتوں کے ساتھ عدم مساوات معاشرے میں ایسے مسائل ہیں جنہوں نے ہمارے معاشرے میں شدید بگاڑ پیدا کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس نے اب ان معاشرتی ناہمواریوں کے خلاف شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس سربراہ کی جانب سے صوبائی حکومت کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ غیرت کے نام پر قتل، اقلیتوں کے حقوق اور دہشتگردی کے مضمرات کے حوالے سے مضامین نصاب میں شامل کئے جائیں۔
پولیس حکام کی جانب سے نصاب تعلیم میں سکیورٹی کے حوالے سے مضامین بھی شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ آئی جی پولیس کے مطابق اگر بچوں کو ان برائیوں سے متعلق ابتداء ہی سے آگاہ کر دیا جائے تو نہ صرف دہشتگردی سے نمٹا جا سکتا ہے بلکہ بہت سی معاشرتی برائیوں کا خاتمہ بھی ممکن ہے۔