چیف جسٹس کا اسلام آباد کچی آبادیوں میں مقیم اقلیتوں کی حالت زارپرنوٹس

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں مقیم اقلیتوں کی بدترین حالت زار کا نوٹس لے لیا ہے۔انہوں نے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے سینئر وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن کو حالات سے آگاہی کے لئے اپنے چیمبر میں طلب کرلیا ہے۔اس بارے میں بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ میں ساری حالت یہاں بیان کردیتا ہوں۔اقلیتیں کچی آبادی میں بغیر کسی بنیادی سہولیات کے بڑی ابتر صورتحال کا شکار ہیں۔ یہاں صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہیں۔

آبادی سیوریج کے نظام سے محروم ہے۔دارالحکومت کے عین ناک کے نیچے لوگ بدترین حالت میں ہیں۔اس پر چیف جسٹس نے اعتزاز احسن سے کہا کہ اس پر چیمبر میں بات کرلیتے ہیں۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وہ کل ان سے چیمبر میں ملیں گے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے کئی ایک سیکٹروں سے ملحقہ کچی آبادیاں قائم ہیں جہاں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد مقیم ہیں جو سی ڈی اے میں کام کرتے ہیں۔